Chalo Us Koh Ko

چلو اُس کوہ پر اب ہم بھی چڑھ جائیں
جہاں پر جا کے پھر کوئی کبھی واپس نہیں آتا
سنا ہے اِک ندائے اجنبی باہوں کو پھیلائے
جو آئے اُس کا استقبال کرتی ہے
اُسے تاریکیوں میں لے کے آخر ڈوب جاتی ہے
یہی وہ راستہ ہے جس جگہ سایہ نہیں جاتا
جہاں پر جا کے پھر کوئی کبھی واپس نہیں آتا
چلو اُس کوہ پر

جو سچ پوچھو تو ہم تم زندگی بھر ہارتے آئے
ہمیشہ بے یقینی کے خطر سے کانپتے آئے
ہمیشہ خوف کے پیراہنوں سے اپنے پیکر ڈھانپتے آئے
ہمیشہ دوسروں کے سائے میں اِک دوسرے کو چاہتے آئے
بُرا کیا ہے اگر اس کوہ کے دامن میں چھپ جائیں
جہاں پر جا کے پھر کوئی کبھی واپس نہیں آتا
چلو اُس کوہ پر اب ہم بھی چڑھ جائیں
چلو اُس کوہ پر



Credits
Writer(s): Zehra Nigah, Arshad Mehmood
Lyrics powered by www.musixmatch.com

Link