Farsh-E-Nomeediye Deedar

دیکھنے کی تو کسے تاب ہے
لیکن اب تک
جب بھی اس راہ سے گزرو
تو کسی دکھ کی کسک
ٹوکتی ہے
کہ وہ دروازہ کھلا ہے
اب بھی
اور اس صحن میں
ہرسو یونہی پہلے کی طرح
فرش نومیدیٔ دیدار بچھا ہے
اب بھی
اور کہیں یاد کسی دل زدہ بچے کی طرح
ہاتھ پھیلائے ہوئے بیٹھی ہے
فریاد کناں

دل یہ کہتا ہے کہیں اور چلے جائیں جہاں
کوئی دروازہ عبث وا ہو
نہ بے کار کوئی یاد فریاد کا کشکول لیے بیٹھی ہو
محرم حسرت دیدار ہو دیوار کوئی
نہ کوئی سایۂ گل ہجرت گل سے ویراں

یہ بھی کر دیکھا ہے سو بار
کہ جب راہوں میں
دیس پردیس کی بے مہر گزر گاہوں میں
قافلے قامت و رخسار و لب و گیسو کے
پردۂ چشم پہ یوں اترے ہیں بے صورت و رنگ
جس طرح بند دریچوں پہ گرے بارش سنگ

اور دل کہتا ہے ہر بار
چلو
لوٹ چلو
اس سے پہلے کہ وہاں جائیں تو یہ دکھ بھی نہ ہو
یہ نشانی کہ وہ دروازہ کھلا ہے اب بھی
اور اس صحن میں
ہرسو یونہی پہلے کی طرح
فرش نومیدیٔ دیدار بچھا ہے
اب بھی



Credits
Writer(s): Faiz Ahmed Faiz
Lyrics powered by www.musixmatch.com

Link